فلم ’دی انڈیا سٹوری‘ کا ایک اور پوسٹر جاری
ممبئی: سماجی مسئلے پر مبنی آنے والی کورٹ روم ڈرامہ فلم 'دی انڈیا سٹوری' کا ایک اور طاقتور پوسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔ نئے پوسٹر میں اداکارہ کاجل اگروال اور اداکار شریاس تلپڑے کو مشتعل ہجوم میں گھرے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس سے فلم کے حساس موضوع اور پُرجوش بیانیے کی جھلک ملتی ہے۔
زی اسٹوڈیوز کے ساتھ مل کر ایم آئی جی پروڈکشنز اور اسٹوڈیو کی طرف سے پیش کی گئی، اس فلم کی ہدایت کاری چیتن ڈی کے نے کی ہے اور اسے ساگر بی شندے نے لکھا اور پروڈیوس کیا ہے۔
کیڑے مار ادویات پر مبنی کھیتی باڑی اور اس کے مضر صحت اثرات کے سنجیدہ موضوع پر مبنی یہ فلم کورٹ روم ڈرامہ کے ذریعے ایک اہم سماجی مسئلہ کو اٹھاتی ہے۔ نئے پوسٹر میں کاجل اگروال اور شریاس تلپڑے کو سبزی منڈی کے پس منظر میں ایک مشتعل ہجوم کے درمیان دکھایا گیا ہے، جہاں لوگ ان پر سبزیاں پھینکتے اور احتجاج کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ "سلو پوائزن ان پروگریس" کی ٹیگ لائن فلم کے مرکزی پیغام کو مزید تقویت دیتی ہے۔
فلم کے شریک پروڈیوسر میں سواتی ونائک سیندانے، انیتا جادھو، ونائک سینندانے، کلپیش شاہ، دیویانی کھوراٹے، اور پریم جوشی شامل ہیں۔ فلم کے سینماٹوگرافر نشانت بھاگوت، میوزک ڈائریکٹر منگیش ڈھاکڑے، ایڈیٹر آشیش مہاترے، گیت نگار شکیل اعظمی اور ساؤنڈ ڈیزائنر انمول بھاوے ہیں۔
یہ فلم دنیا بھر میں ہندی، تیلگو اور تامل زبانوں میں 24 جولائی 2026 کو ریلیز کی جائے گی۔
