جاپان کی ٹیکنالوجی اور ہندوستان کا ہنر مل کر تکنیکی انقلاب کی قیادت کریں گے: مودی
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک مل کر اس صدی میں ایشیا میں استحکام، ترقی اور خوشحالی کو ایک نئی جہت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ایشیا بلکہ دونوں ممالک مل کر گلوبل ساؤتھ بالخصوص افریقہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
جاپان کے دو روزہ دورے پر صبح یہاں پہنچے مسٹر مودی نے اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ انڈیا-جاپان اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپان ہمیشہ سے ہندوستان کی ترقی کے سفر میں ایک اہم شراکت دار رہا ہے۔
خاص طور پر آٹو سیکٹر اور مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ہندوستان-جاپان شراکت داری کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے جاپانی صنعت سے ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، "میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں - آئیے میک ان انڈیا، میک فار دی ورلڈ۔ ہندوستان نے اے آئی، سیمی کنڈکٹرز، کوانٹم کمپیوٹنگ، بائیوٹیک اور خلاء میں جرات مندانہ اور پرجوش اقدامات کیے ہیں۔ جاپان کی ٹیکنالوجی اور ہندوستان کی ذہانت مل کر اس صدی کے تکنیکی انقلاب کی قیادت کر سکتی ہے۔"
وزیر اعظم نے کہا کہ جاپانی تعاون سے ممبئی اور احمد آباد ہائی سپیڈ ریل پر کام جاری ہے لیکن دونوں ممالک کا سفر یہیں نہیں رکتا۔ انہوں نے کہا، "میٹروز سے لے کر مینوفیکچرنگ تک، سیمی کنڈکٹرز سے لے کر اسٹارٹ اپس تک، ہر شعبے میں ہماری شراکت باہمی اعتماد کی علامت بن گئی ہے۔"