خواتین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کے لیے حکومت ان کی زندگی کے ہر مرحلے کے لیے خصوصی اسکیمیں تشکیل دے رہی ہے: مودی
پارلیمنٹ میں خواتین کے ریزرویشن بل کی منظوری کے پس منظر میں جمعرات کو یہاں منعقدہ ناری شکتی وندن سمیلن سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، "ہماری حکومت نے خواتین کی زندگی کے ہر مرحلے کے لیے اسکیمیں تیار کی ہیں اور انہیں کامیابی کے ساتھ نافذ کیا ہے۔" انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد سے لے کر دستور ساز اسمبلی کے فیصلوں تک، ہندوستان کی خواتین کی طاقت نے آزاد ہندوستان کی بنیاد رکھنے میں بے پناہ تعاون کیا ہے، اور پنچایتی راج کے ادارے ملک میں خواتین کی قیادت کی ایک روشن مثال ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ترقی پسند معاشرے کے تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مختلف چھوٹے اور بڑے اقدامات کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل کے ذریعے لوک سبھا اور قانون ساز اسمبلیوں میں خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن فراہم کرنے سے ملک اب خواتین کو بااختیار بنا رہا ہے اور جمہوریت کو ایک نئے طریقے سے مضبوط کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا، "آج خواتین ان علاقوں میں بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں جو کبھی مردوں کی اجارہ داری سمجھے جاتے تھے۔ ملک کی خواتین کی طاقت نے اپنی محنت، ہمت اور خود اعتمادی سے نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔ اب ہمیں اجتماعی طور پر اس طاقت کو تقویت دینا چاہیے اور اس کے لیے مواقع کو بڑھانا چاہیے۔"
مسٹر مودی نے کانفرنس میں موجود خواتین کو یقین دلایا کہ حکومت ان کی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ملک ان کی امنگوں کو سمجھتا ہے اور انہیں پورا کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
مسٹر مودی نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ تمام ممبران پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں اور انہیں خواتین ریزرویشن بل کی منظوری کی حمایت کے لیے تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہونے والی بات چیت کو ملک کے کونے کونے میں رہنے والی خواتین تک بھی پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’’خواتین کو چاہیے کہ وہ ارکان پارلیمنٹ سے ملیں اور اپنے خیالات پیش کریں اور اپنی خواہشات کو پورا کریں‘‘۔
