رام مندر چوری کا معاملہ - مودی کو پریس کانفرنس کرکے قوم کے سامنے صورتحال واضح کرنی چاہیے
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ ایودھیا کے رام مندر میں چڑھاوے کی چوری سے لاکھوں عقیدت مندوں کا عقیدہ بری طرح متزلزل ہوا ہے۔ اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو پریس کانفرنس کرکے قوم کے سامنے صورتحال واضح کرنی چاہیے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی، دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو اور ریاستی کانگریس جنرل سکریٹری انیل بھردواج نے دہلی پردیش کانگریس کے دفتر راجیو بھون میں مشترکہ پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ غیر جانبدارانہ کارروائی کے بجائے پردہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر اس طرح کے معاملات میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی جاتی ہے، ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔
ایس آئی ٹی کی تشکیل سے پہلے ٹرسٹ کے اہم عہدیداروں کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی انہیں تفتیش کے دائرے میں لایا گیا تھا، جب کہ کارروائی نچلے درجے کے عہدیداروں تک محدود رہی ہے۔
پارٹی لیڈروں نے رام مندر ٹرسٹ پر فضول خرچی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چھوٹی چھوٹی تقریبات پر پیسہ من مانی سے خرچ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 22 جنوری 2024 کو ہونے والے ایک پروگرام پر 113 کروڑ روپے لاگت آئی ہے اور ایک اور ایونٹ کی لاگت 10 کروڑ روپے سے زیادہ دکھائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رام بھکتوں کے عطیات کا غلط استعمال کیا گیا ہے، جس سے ٹرسٹ کی ساکھ اور لاکھوں عقیدت مندوں کے اعتماد کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے پورے معاملے کی جامع اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم مودی بہت اچھے مقرر ہیں، لیکن وہ صرف ان معاملات پر بات کرتے ہیں جن پر وہ بات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندہ کی چوری کا معاملہ بہت سنگین ہے، لیکن حیرت کی بات ہے کہ مسٹر مودی نے اس معاملے پر اب تک ایک لفظ بھی نہیں کہا ہے۔
