ہندوستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی

ہندوستان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی

 

ہندوستان نے سعودی عرب کے دو ہوائی اڈوں پر الگ الگ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی حکام کے مطابق ان حملوں میں تین افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے ہیں۔ ہندوستان نے اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ بھارت گزشتہ دنوں ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں عام شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت خارجہ نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری تنصیبات اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانا مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ ہم ان خاندانوں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے ان حملوں میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہیں۔ ہندوستان اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ژنہوا کی رپورٹ کے مطابق سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے بتایا کہ حملوں میں جنوب مغربی سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو منگل اور بدھ کو نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے اور دونوں مقامات پر املاک کو نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل بدھ کو حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے کہا تھا کہ کئی ڈرونز نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا۔ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز نے جنوب مغربی عسیر کے علاقے خمیس مشیط کے قریب ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کنگ خالد ایئر بیس پر بھی حملہ کیا۔

دریں اثنا، بدھ کو سعودی قیادت میں اتحاد نے حوثی باغیوں کے دو بیلسٹک میزائلوں کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ ایک کو ریاض کے شمال میں روکا گیا جبکہ دوسرا جنوب مغربی سعودی شہر خمیس مشیط کی طرف جا رہا تھا۔

About The Author

Related Posts

Latest News