سرخ اور سبز دونوں سیب صحت کے لیے فائدہ مند ہیں
آج کل سبز سیب کھانے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ سبز سیب ذائقے میں کھٹا ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند مانا جاتا ہے۔ پکنے کے بعد سیب سرخ ہو جاتا ہے اور اس کا ذائقہ میٹھا ہوتا ہے۔ سیب کھانا صحت کے لیے بہت فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔ سرخ اور سبز دونوں سیب صحت کے لیے فائدہ مند ہیں، سوال یہ ہے کہ سبز سیب یا سرخ سیب جسم کے لیے زیادہ فائدہ مند ہے؟
رپورٹ کے مطابق سرخ سیب میں قدرتی مٹھاس زیادہ ہوتی ہے اور یہ اینٹی آکسیڈنٹس اور فلیوونائڈز سے بھرپور ہوتے ہیں، جو جسم میں سوزش کو کم کرنے اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ فائبر کا ایک اچھا ذریعہ بھی ہے، جو ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے۔ دوسری جانب سبز سیب میں شوگر کی مقدار سرخ سیب سے کم ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ ذیابیطس کے مریضوں اور وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک بہتر آپشن ہے۔ یہ وٹامن سی، فائبر اور آئرن سے بھرپور ہوتا ہے جو قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے۔ سبز سیب میں تیزاب کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو منہ کو تروتازہ کرتا ہے اور بھوک بھی بڑھاتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق اگر آپ بلڈ شوگر کو کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں یا وزن کم کرنا چاہتے ہیں تو سبز سیب آپ کے لیے فائدہ مند ہے۔ سبز سیب کا گلیسیمک انڈیکس کم ہوتا ہے اور وہ کم کیلوریز والے ہوتے ہیں۔ جبکہ سرخ سیب زیادہ میٹھا ہوتا ہے جو اسے توانائی بڑھانے والے کے طور پر بہتر بنا سکتا ہے۔ دونوں سیب فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں لیکن سبز سیب نظام انہضام کے لیے قدرے زیادہ موثر ثابت ہو سکتا ہے۔ سرخ سیب میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو بڑھاپے سے بچاتے ہیں اور بالوں کو صحت مند رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ سبز سیب میں موجود وٹامن سی جلد کو چمکدار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
سرخ اور سبز دونوں سیب صحت کے لیے فائدہ مند ہیں لیکن بہتر ہے کہ اپنی جسمانی ضروریات اور طرز زندگی کے مطابق کسی ایک کا انتخاب کریں۔ اگر آپ وزن کم کرنا چاہتے ہیں یا زیادہ وٹامن سی کی ضرورت ہے تو سبز سیب ایک بہتر آپشن ہے۔ اگر آپ توانائی اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور پھل چاہتے ہیں تو سرخ سیب کھائیں۔ بہترین حل یہ ہے کہ دونوں کو اپنی خوراک میں شامل کریں تاکہ جسم کو دونوں سے غذائی اجزاء مل سکیں۔