ویتنام کشتی حادثہ - آندھرا پردیش کے سیاحوں کی لاشیں حیدرآباد پہنچیں
۔
حکام کے مطابق مرنے والوں میں کڑپہ ضلع کے سریدھر، مچلی پٹنم سے جے شری اور ہندو پور کے روی تیجا شامل ہیں۔ ممبئی میں ہندوستان واپسی کے لیے قانونی طریقہ کار کو مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو صبح 7:30 بجے کے قریب حیدرآباد لایا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو اور وزیر این لوکیش نے لاشوں کی وطن واپسی کے پورے عمل کی قریب سے نگرانی کی اور ہندوستانی سفارتخانے اور ویتنام کے عہدیداروں کے ساتھ تال میل کیا تاکہ جلد وطن واپسی کو یقینی بنایا جاسکے۔
آندھرا پردیش کے وزیر کونڈاپلی سرینواس نے شمش آباد ہوائی اڈے پر لاشوں کا استقبال کیا اور غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں ریاستی حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
آندھرا پردیش غیر رہائشی تیلگو سوسائٹی (APNRTI) نے لاشوں کو کڑپہ، مچلی پٹنم اور ہندوپور تک مفت پہنچانے کے لیے خصوصی ایمبولینس کا انتظام کیا۔ ایئرپورٹ پر لاشوں کو اہل خانہ کے حوالے کرنے کے بعد انہیں آخری رسومات کے لیے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ 11 جولائی کو ویتنام کے Phu Quoc جزیرے کے قریب سیاحوں کی کشتی الٹنے سے 15 ہندوستانی سیاحوں کی موت ہو گئی تھی جن میں تین آندھرا پردیش سے بھی شامل تھے۔ حادثے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو ہندوستان لایا گیا اور ہندوستانی سفارتخانے اور دونوں ممالک کے حکام کے ساتھ مل کر ان کی متعلقہ ریاستوں کو روانہ کیا گیا۔
