جسٹس گوائی نے سپریم کورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا

جسٹس گوائی نے سپریم کورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا

 

نئی دہلی: جسٹس بی آر گوائی نے بدھ کو سپریم کورٹ کے 52 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔
صدر دروپدی مرمو نے ایک تقریب میں انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ راشٹرپتی بھون میں منعقدہ تقریب حلف برداری میں نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر جے پی نڈا، مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال، سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس سنجیو کھنہ، کئی مرکزی وزرا، اعلیٰ عدالتوں کے سابق ججوں اور دیگر اعلیٰ عدالتوں کے ججوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر جسٹس گوائی کی اہلیہ، والدہ اور خاندان کے دیگر افراد موجود تھے۔ چیف جسٹس کا حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے اپنی والدہ کے پاؤں چھوئے۔
جسٹس کھنہ منگل 13 مئی کو 51 ویں چیف جسٹس کے طور پر ریٹائر ہو گئے۔ انہوں نے جسٹس گوائی کو بطور چیف جسٹس اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی تھی۔
جسٹس گوائی کو 24 مئی 2019 کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی تھی۔ وہ 23 نومبر 2025 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ میں ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال ہے۔
جسٹس گوائی کی بطور چیف جسٹس تقرری کو عدالت عظمیٰ کی تاریخ میں سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ سابق چیف جسٹس کے جی بالاکرشنن کے بعد درج فہرست ذات برادری سے تعلق رکھنے والے دوسرے شخص ہیں جو عدلیہ میں اعلیٰ عہدے پر پہنچے ہیں۔
جسٹس گوائی آر ایس گوائی کے بیٹے ہیں، جو ایک مشہور سیاست دان، ممتاز امبیڈکرائٹ، سابق ایم پی اور کئی ریاستوں کے گورنر ہیں۔

About The Author

Latest News