عامر خان کی فلم ستارے زمین پر نے بھارتی مارکیٹ میں پہلے دن تقریباً 12 کروڑ کمائے
طویل انتظار کے بعد، عامر خان کی ستارے زمین پر بالآخر 20 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہو گئی ہے۔
یہ فلم، جسے 2007 کے کلاسک ترے زمین پر کا روحانی سیکوئل کہا جا رہا ہے، نے اعلان ہوتے ہی ناظرین کو جوش و خروش سے بھر دیا تھا۔ یہ ایک متاثر کن اور دل کو چھو لینے والی کہانی ہے، اور خاص بات یہ ہے کہ اس میں عامر کے ساتھ 10 نئے چہروں کی بلاک بسٹر لانچ ہے۔ اب جب فلم ستارے زمین پر بڑے پردے پر آگئی ہے تو اسے ملک بھر سے زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ فلم نے پہلے دن 11.7 کروڑ کی شاندار کمائی کی ہے۔
مثبت تجزیوں اور باتوں کی وجہ سے شائقین میں فلم کو لے کر اور بھی زیادہ جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ جیسے جیسے ویک اینڈ قریب آرہا ہے توقع ہے کہ فلم کی کمائی میں مزید تیزی آئے گی۔
عامر خان پروڈکشن کی طرف سے پیش کی گئی اس فلم میں 10 ابھرتے ہوئے ستارے اروش دتہ، گوپی کرشنا ورما، سمویت دیسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، اشیش پینڈسے، رشی شاہانی، رشبھ جین، نمن مشرا اور سمرن منگیشکر شامل ہیں۔ عامر خان پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی 'ستارے زمین پر' میں عامر خان اور جینیلیا دیشمکھ نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ اس فلم کے گانے امیتابھ بھٹاچاریہ نے لکھے ہیں اور موسیقی شنکر احسان لوئے نے دی ہے۔ اس کا اسکرین پلے دیویا ندھی شرما نے لکھا ہے۔ اس فلم کو عامر خان اور اپرنا پروہت نے روی بھاگ چندکا کے ساتھ پروڈیوس کیا ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری آر ایس پرسنا نے کی ہے۔