غریب، کسان، عورت، نوجوان ترقی یافتہ ہندوستان کے چار ستون ہیں: مودی
مسٹر مودی یہاں سکم ریاست کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ سکم 16 مئی کو اپنا یوم تاسیس مناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ہر ریاست کی ترقی ضروری ہے۔ ہر ریاست کی اپنی خصوصیات ہوتی ہیں۔ ہم نے شمال مشرقی خطے کو ترقی کے مرکز میں رکھا ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے سکم میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا اور کہا کہ سکم شمال مشرقی خطہ کی ترقی کی روشن کہانی بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکم میں گزشتہ ایک دہائی سے بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جس کا یہاں کے لوگ تجربہ کر رہے ہیں۔ دس سالوں میں اس خطے میں رابطے کی سہولتیں تیار ہوئی ہیں۔ ریاست میں 400 کلومیٹر طویل قومی شاہراہیں بنائی گئی ہیں اور سینکڑوں کلومیٹر دیہی سڑکیں بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹل سیتو کی تعمیر سے سکم کے رابطے میں بھی اضافہ ہوا ہے اور گنگٹوک اور باگڈوگرہ کے درمیان آمدورفت میں آسانی ہوئی ہے۔
سکم کے کسانوں کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ ریاست نامیاتی کھیتی میں ملک میں سب سے آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے آرگینک مرچوں کی پہلی کھیپ مارچ میں بیرون ملک بھیجی گئی تھی اور مستقبل میں ایسی بہت سی مصنوعات ہیں جو بیرون ملک بھیجی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والے وقت میں سکم اپنی نامیاتی طور پر تیار کی جانے والی مچھلیوں کے لیے بھی دنیا میں جانا جائے گا۔ مرکزی حکومت کے تعاون سے ریاست کے سورینگ ضلع میں ایک آرگینک فشریز کلسٹر تیار کیا جا رہا ہے اور دنیا میں نامیاتی طور پر تیار کی جانے والی مچھلی کی بہت مانگ ہے۔