یو پی آئی چارجز اور سمارٹ اسکول پروجیکٹ سے لوگوں پر مالی بوجھ بڑھے گا: مایاوتی
On
محترمہ مایاوتی نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پہلے یو پی آئی کے ذریعے ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کے بعد اب اس پر چارجز عائد کرنے کے نظام سے لوگوں میں بے چینی اور ناراضی پیدا ہونا فطری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے والے نظام کو قبول کرنے سے پہلے اس کے اثرات پر غور کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ نئے ضابطے کے تحت 15 اکتوبر سے 2000 روپے سے زیادہ کے مخصوص کاروباری یو پی آئی لین دین پر 0.4 فیصد مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (ایم ڈی آر) نافذ ہوگا۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ فیس صارفین سے نہیں لی جائے گی اور ذاتی سطح پر ہونے والے یو پی آئی لین دین کے ساتھ تقریباً 96 فیصد مرچنٹ لین دین اس چارجز سے مستثنی رہیں گے۔ سرکاری وضاحت کے مطابق ایم ڈی آر حکومت یا این پی سی آئی کی جانب سے وصول کیا جانے والا ٹیکس یا فیس نہیں ہے بلکہ ادائیگی کے نظام سے وابستہ اداروں، بشمول بینکوں اور ادائیگی کی ایپ فراہم کرنے والوں، کے درمیان تقسیم کیا جائے گا۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی مہنگائی، غریبی اور بے روزگاری سے متاثر ہے۔ ایسے میں حکومت کی پالیسیاں ایسی ہونی چاہئیں جن سے عام لوگوں کو راحت ملے اور ان کی معاشی مشکلات کم ہوں۔ انہوں نے اتر پردیش حکومت کے 14429 پرائمری اسکولوں کو اسمارٹ اسکول بنانے کے منصوبے پر بھی سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 300 کروڑ روپے کے اس منصوبے کے تحت بچوں کو ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے سے پہلے اسکولوں میں بنیادی سہولیات یقینی بنائی جانی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کے سر پر چھت، بیٹھنے کے لیے بینچ اور کرسیاں، کتابیں، بیت الخلا، کھیل کا میدان اور صفائی ستھرائی جیسی بنیادی سہولیات مکمل طور پر دستیاب ہونی چاہئیں۔ مایاوتی نے حکومت سے اس پہل پر ہمدردانہ غور کرنے کا مطالبہ کیا۔
اتر پردیش کابینہ نے منگل کو 14429 پرائمری اسکولوں کو اسمارٹ اسکول کے طور پر تیار کرنے کی تجویز کو منظوری دی تھی۔ اس کے لیے 300 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور ہر اسکول کے لیے تقریباً 2.07 لاکھ روپے کی رقم مقرر کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی اور اطلاعات و مواصلاتی ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی سہولیات فراہم کرنے کی بات کہی گئی ہے.
About The Author
Related Posts
Latest News
18 Sep 2026 17:45:46
دہرادون، اتراکھنڈ پریمیئر لیگ (یو پی ایل) کے تیسرے سیزن کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
21 ستمبر سے
